بھدرواہ: 15/ اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں دیر رات کم از کم 26 دکانیں، 6 گھر اور بہت سی چھوٹی موٹی دکانیں شدید آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔بہرحال حادثے میں کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔آگ پولیس تھانہ سے بمشکل 500 میٹر کے فاصلے پر واقع گندوہ کے مرکزی بازار میں لگی تھی اور صبح ہونے سے پہلے تک یہ جلد ہی پاس کی تمام دکانوں اور گھروں میں پھیل گئی۔ یہ دکانیں خشک دیودار اور چیڑ کی لکڑیوں کی بنی تھیں۔مقامی لوگوں اور پولیس اہلکار حرکت میں آئے اور انہوں نے آگ بجھانے کا کام شروع کیا۔گندوہ کے سب ڈویزنل پولیس افسرسنی گپتا نے بتایا کہ پولیس اور مسلح سرحد فورس کی ایک گشتی ٹیم کو دیر رات تقریبا پونے دو بجے آگ کا پتہ چلا۔ انہوں نے فوری طور پر انتباہ دیا اور دمکل کی گاڑیوں کے حکام کو مطلع کیا۔ گپتا نے بتایاکہ دمکل کی گاڑیاں صبح ساڑھے تین بجے پہنچ سکیں کیونکہ سب نزدیکی دمکل گاڑیاں اسٹیشن گندوہ سے 45 کلومیٹر دور ٹھٹھری میں واقع ہے۔گپتانے بتایا کہ بہرحال پولیس اور فورس نے مقامی لوگوں کی مدد سے آگ بجھانے کی کوشش کی۔افسر نے بتایا کہ آگ سے ہوئے نقصان کا اندازہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آگ پر اب مکمل طور قابو پا لیا گیا ہے لیکن آگ میں 26 دکانیں، چھ گھر اور مقامی لوگوں کے ساتھ منسلک بہت سے چھوٹی موٹی دکانیں تباہ ہو گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔